آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کیلئے حکومتی تعاون کی ضرورت ہے،فراز الرحمن

83

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس گروپ کے بانی چیئرمین اور کاٹی کے سابق چیئرمین فراز الرحمٰن نے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی عالمی سطح پر ترقی میں حائل رکاوٹوں کے حل کے لیے حکومت سے تعاون کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے چیئرمین جنرل سرفراز کو خط لکھا ہے، جس کی ایک کاپی وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ارسال کی گئی ہے۔فراز الرحمٰن نے اپنے خط میں چند بنیادی مسائل کا ذکر کیا ہے جو پاکستانی آئی ٹی اور ای کامرس سیکٹر کی عالمی سطح پر مسابقت میں رکاوٹیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پے پال جیسے بین الاقوامی ادائیگی کے نظام کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو عالمی ادائیگیاں وصول کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عالمی سطح پر تسلیم شدہ ادائیگی کے نظام کو پاکستان میں متعارف کروائے تاکہ غیر ملکی ترسیلات زر میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ عالمی ای کامرس میں مقابلے کے لئے لاجسٹک اور شپنگ میں بہتری کی بھی ضرورت ہے۔