میلبرن(اسپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑی عرفان خان نیازی نے اپنے ون ڈے ڈیبیو پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے اور ایک ٹاپ ٹیم کے خلاف ڈیبیو کرنے کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔عرفان خان نیازی نے کہا ہے کہ بڑی ٹیم کے خلاف ڈیبیو کا مطلب ہے کہ ٹیم آپ پر بھروسہ کر رہی ہے جس سے مجھے خود اعتمادی ملی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کرکٹ کا آغاز ا سکول سطح پر کیا اور ہمیشہ یہی عزم رکھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہے، انڈر 19 کرکٹ کے دنوں میں ان کے کوچ نے ایک دن انہیں ایک کاغذ دے کر اپنے خواب لکھنے کو کہا۔عرفان نے لکھا کہ وہ ریجنل انڈر 19، انڈر 19 ورلڈ کپ، پی ایس ایل اور پھر پاکستان کی ٹیم میں کھیلنا چاہتے ہیں، آج وہ اس خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔