قرضے لینے والے حکمران قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، رمضان مغل

102

نوشہرو فیروز (جسارت نیوز) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر نائب صدر محمد رمضان مغل نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کر دیا، قرضے لے کر عیاشیاں کرنے والے ملک تباہ کر رہے ہیں، سودی نظام کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف اور دیگر ممالک سے قرضے حاصل کرکے عیاشیاں کرنے والے حکمران قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے، قوم پر مہنگائی کا عذاب مسلط کر دیا گیا اور قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچ کر ملک کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، قوم ایسی بندر بانٹ برداشت نہیں کریں گے، اسلام کا بہترین نظام معیشت چھوڑ کر ہم اسلام دشمنوں کے سودی نظام اپنا کر تباہی کی طرف جا رہے ہیں، مضبوط معیشت کے لیے سودی نظام سے چھٹکارا ضروری ہے۔ رمضان مغل نے کہا سودی نظام سے نجات اور سیاسی استحکام کے بغیر ملکی مسائل اور معیشت درست سمت گامزن نہیں ہو سکتی، سیاستدانوں کی آپس کی ناچاقیوں سے نقصان ملک اور عوام کا ہو رہا ہے، اس وقت سیاستدانوں میں سیاسی بصیرت کا بڑا فقدان بھی موجود ہے، ان کی وجہ سے نئی نوجوان نسل سمیت عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے، ریاست اور حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنے کی ضرورت ہے، اب تک عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں، ہر کوئی اقتدار کے نشے میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں لگا ہوا ہے۔