قنبر علی خان (جسارت نیوز) ہندو پنچایت لاڑکانہ نے ہندو برادری کا مذہبی تہوار جوش و خروش سے منایا۔ لاڑکانہ کی دھرم شالہ میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی لاڑکانہ سے منتخب ہونے والے ایم پی اے جمیل احمد سومرو تھے، جبکہ چیئرمین ضلع کونسل اعجاز احمد لغاری، ڈی سی لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا، میونسپل کارپوریشن کے میئر انور علی لہر، پیپلز پارٹی کے رہنما خیر محمد شیخ، ہندو پنچایت، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم پی اے جمیل احمد سومرو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ یہاں کے ہندو اور مسلمان ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔ یہ روشنیوں کا تہوار ہے، ہمیں مل کر منانا چاہیے، ہندوئوں کا ملک اور خصوصاً سندھ کی ترقی میں بہت بڑا کردار ہے، اسی لیے ہم ان کی خوشیوں میں شریک ہونے آئے ہیں۔ ضلع کونسل لاڑکانہ کے چیئرمین اعجاز احمد لغاری نے کہا کہ ہندو اور مسلمان بھائی بھائی ہیں، ہم ایک دوسرے کے دُکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں، ہمارے بزرگوں سے یہ روایت ہے اور جاری رہے گی۔ میئر انور علی لہر نے کہا کہ ہندو برادری کے اس عظیم تہوار پر ہم ہر سال ان کے ساتھ ہیں۔