کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) جاری کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔ یہ اہم دستاویز ہے جس میں ایک خاندان کے مکمل افراد کی تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔ایف آر سی درج ذیل تین مختلف زمروں میں حاصل کیا جا سکتا ہے،پیدائش کے لحاظ سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں والدین اور بہن بھائیوں کی تفصیلات ہوں گی شادی کے حوالے سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں آپ کی شریک حیات اور بچوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔اسی طرح، قبولیت (ایڈاپشن) سے متعلق جاری کردہ سرٹیفکیٹ میں آپ کے سرپرست کی تفصیلات شامل ہوں گی۔اگر کوئی پاکستانی نادرا میں رجسٹرڈ نہیں ہے اور اس کے پاس 13 ہندسوں والا شناختی کارڈ نہیں ہے تو اس کا ڈیٹا ایف آر سی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔پاکستانی ایف آر سی کیلیے نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر یا نادرا کی پاک آئیڈینٹٹی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ اوورسیز پاکستانی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کیلیے وہاں موجود پاکستانی مشن کے متعلقہ آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔نادرا نے نومبر 2024 ء کے مہینے میں ایف آر سی کیلیے فیس میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ رجسٹریشن اتھارٹی شناختی دستاویز کے اجرا کیلیے صرف ایک ہزار روپے وصول کرتی ہے۔