کراچی کینٹ اسٹیشن سے للی برج تک تجاوزات مافیا کا راج

127

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کینٹ اسٹیشن سے للی برج تک تجاوزات کی بھرمار نے رہائشیو ں کو شدید مشکلات کا شکار کردیا ،تجاوزات کے باعث کینٹ اسٹیشن کے اطراف ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے ۔علاقہ مکینوںنے اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طورپر تجاوزات کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کینٹ اسٹیشن کے گیٹ سے للی برج تک تجاوزات تک مافیا نے پنجے گاڑھ لیے ہیں جس کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت کے اوقات میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کرنے والوں نے کینٹ اسٹیشن کی سڑکوں پر اپنا قبضہ جمایا ہو ا ہے لیکن ان کیخلاف متعلقہ حکام کی جانب سے مناسب قانونی کارروائی نہیں کی جاتی۔ فٹ پاتھ اور سڑکوں پر ہینگر مافیا، چپس کے اسٹال، برگر اور دیگر سٹالز لگائے جاتے ہیں جن کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کا راستہ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے اور انہیں مجبورا ًفٹ پاتھ چھوڑ کر سڑک پر سے گزرنا پڑتا ہے جو کہ نہایت خطرناک ہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے سڑکیں تنگ ہو چکی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود تجاوزات مافیا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے ۔انہوںنے میئر کراچی ،ڈی سی ساؤتھ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کینٹ اسٹیشن کے اطراف سے غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور متعلقہ ادارے اس سنگین مسئلہ کی طرف توجہ دیں تاکہ شہری باآسانی آمد و رفت یقینی بناسکیں ۔