کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی کوششوں کے باعث کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں خاصی بہتری آئی ہے ہم سب مل کر شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔انہوں نے یہ بات پیر کو سندھ اسمبلی کے ایوان میں مختلف توجہ دلا نوٹس ز کے جواب میں بیان دیتے ہوئے کہی۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیر کو ارکان کے مختلف توجہ دلا نوٹس بھی زیر غور آئے جن میں عوامی اہمیت کے حامل امور کی نشاندہی کی گئی تھی۔ سنی اتحاد کونسل کے سجاد احمد نے کہا کہ لیاری میں سرعام منشیات فروخت ہوتی ہے اور پولیس پیسے لیتی ہے۔ جمعہ بلوچ روڈ پر منشیات سرعام مل رہی ہے۔ وزیر داخلہ ضیاالحسن النجار نے کہا کہ پولیس سے ہٹ کر بھی منشیات کے خلاف کام ہورہا ہے۔س موقع پر وزیر ایکسائز شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کی لعنت پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔