امریکی صدارتی انتخاب،ووٹنگ شروع،ہیرس اور ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ

82

نیویارک/واشگٹن(اے پی پی /آن لائن /مانیٹرنگ ڈیسک) امر یکی صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ شروع ہوگئی‘ ہیرس اورٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے‘امریکا میں 7 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز نے5نومبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل اپنے ووٹ کاسٹ کر دیے‘باقاعدہ ووٹنگ آج 5نومبر کو ہوگی ۔ امریکا کی فلوریڈ اسٹیٹ یونیورسٹی کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق 4 کروڑ26 لاکھ سے زیادہ ووٹرز نے پولنگ اسٹیشنز پر جاکر اور تقریباً 3 کروڑ 53 لاکھ ووٹرز نے بذریعہ ڈاک ووٹ ڈالے۔ امریکا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد تقریباً 16کروڑ80 لاکھ ہے۔ قبل از وقت ووٹ کاسٹ کیے جانے کے حوالے سے سب سے زیادہ ٹرن آٹ ریاست ٹیکساس میں 8.9 ملین ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست فلوریڈا (8.1ملین)، کیلیفورنیا (7.6ملین)، شمالی کیرولینا (4.4ملین) اور جارجیا (4 ملین) ووٹوں کے ساتھ باالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔ امریکا میں5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ کی طرف سے کملا ہیرس سربراہ مملکت کے عہدے کے لیے مدمقابل ہیں۔ امریکی صدارتی انتخاب کی مہم آخری روز میں داخل ہوتے ہی معلق ریاست پنسلوینیا انتخابی میدان جنگ بن گئی ہے جسے جیتنے کے لیے دونوں صدارتی امیدوار ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تلخ حریف کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے آخری روز پنسلوینیا کا رخ کیا اور ووٹرز کو اپنی جانب کرنے کے لیے ریلیاں نکالیں اور جلسے کیے۔