واشنگٹن:صدارتی انتخابات میں ہنگامے ہونے کے پیش نظر حکومت نےاحتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مخصوص مقامات کے باہر حفاظتی دیوار کی باڑ لگادی ہے،کل ری پبلکن امیدوار سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ نائب صدر اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں نجی کاروباری اداروں نے سکیورٹی گارڈز فراہم کرنے والی کمپنیوں سے طویل دورانیے کی شفٹوں کے لیے اضافی سکیورٹی گارڈز مانگ لیے ہیں، جس کے بعد سیکیورٹی گارڈ کمپنیوں نے مزید گارڈکی بھرتیوں کے لیے اشتہارات آویزاں کردیے ہیں، حکومت نے تمام اداروں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔
حفاظتی دیواریں وائٹ ہاؤس، نائب صدر کی رہائش گاہ اور کیپیٹل ہل کے اطراف کھڑی کی گئی ہے، دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے 12 گھنٹے کی ڈیوٹی مقرر کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ6 جنوری 2021 کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا جہاں نئے امریکی صدر کے لیے ووٹنگ ہورہی تھی، مظاہرین نے کیپیٹل ہل کے اندر ہنگامہ آرائی کی اور توڑ پھوڑ بھی کی تھی، حکومت نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے خاص خاص جگہوں پرحفاظتی دیوار کھڑی کی ہے۔