وفاقی وزیرمواصلات و نجکاری کی  چین اور روس کو پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کی پیشکش

196
Promotion of business activities

اسلام آباد:پاکستان نے چین اور روس کو ریلوے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے میں بہتری لانے کے لیے قرض نہیں نجی شعبے کو سرمایہ کاری کی پیشکش کریں گے تاکہ مالیاتی بوجھ بڑھانے کی بجائے ادارے کو مستحکم کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا  ہے کہ پاکستان جدید ریلوے سے ایران، چین اور وسط ایشیائی ممالک سے تجارتی راہداری کے ذریعے منسلک ہو سکتا ہے جبکہ کم خرچ اور تیز ترین کارگو سروس یقینی بنانے سے خود ریلوے کا ادارہ منافع بخش بن سکتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے مواصلات ونجکاری کا کہنا تھا کہ عارضی ریلیف نہیں ہمیں ریلوے کی بہتری کے لیے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ ریلوے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے ٹرین ٹریک کومحفوظ، مضبوط اور تیز تر بنانا ہوگا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں لوگ ٹرین میں سفر کو سیاحت اور تفریح کے طو ر پر اختیار کرتے ہیں جبکہ ہمارا ریلوے کا نظام اس سے کہیں پیچھے ہے، صارفین کی توقعات کے مطابق ریلوے کے کارگو کے شعبے کو پرائیویٹ سیکٹر سے مقابلہ کرنا ہوگا اور موجودہ دور کے تقاضوں پر پورا اترنا ہوگا۔