قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں یوم کشمیرسیاہ کی پُروقارتقریب کا اہتمام

243

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے 27 اکتوبر کو پاکستان قونصلیٹ جدہ میں یوم کشمیرسیاہ منانے کے لیے ایک سادہ مگرپُروقارتقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی/کشمیری کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت قاری عبدالحسیب نےحاصل کی۔ ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید نے صدرمملکت، وائس قونصل قونصلر سروسیزمحترمہ تحریم بانو نے وزیراعظم پاکستان اور پریس قونصل محمد عرفان نے وزیرخارجہ اسحاق ڈارکے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیرسید فواد شیراس تقریب میں کلیدی نوٹ سپیکر تھے۔ چیئرمین کشمیرکمیٹی مسعود احمد پوری نے بھارتی جبر کے خلاف کشمیریوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ قائم مقام چیئرمین جموں کشمیراوورسیزکمیونٹی ایم عارف مغل نے جموں و کشمیرمیں بھارتی افواج کے غیر قانونی قبضہ اورلوگوں کی حالت زار پرروشنی ڈالی۔ پاکستان انٹرنیشنل اسکولز العزیزیہ اور رحاب کے طلباء 8 ویں جماعت کےعلی احمد تیموراور10ویں جماعت کے مامون احسن نے کشمیر کے لیے پاکستانی نوجوان نسل کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے خصوصی تقاریر کیں۔ مدینہ المنورہ سے خصوصی طور پرتشریف لائے ہوئے ممتاز دانشور ڈاکٹرخالد عباس الا سدی نے کہا میں کشمیریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو 77 سال سے اپنی آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔ میں کشمیری ماوٗں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اپنے شیرخوار بچوں کو شہادت کا سبق دیتی ہیں۔ ان کے خطاب کے دوران جب قونصلیٹ کی بجلی چلی گئی تو انھوں نے برجستہ کہا آج ہمارے ساتھ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئےیہ درودیوار بھی یومِ سیاہ منارہے ہیں۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل آف پاکستان خالد مجید نے اس دن کی تاریخی اہمیت پرزور دیا۔ انھوں نے بھارت کے غیر قانونی طورپرمقبوضہ جموں و کشمیر بالخصوص 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی قابض افواج کے مظالم کی مذمت کی۔ انھوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور سعودی حکومت کی طرف سے کشمیر کاز کے لیے مسلسل حمایت کا اعتراف کیا اور اسے سراہا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیرپراپنے منصفانہ اوراخلاقی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ تقریب کا اختتام پر قاری عبدالحسیب نےکشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں کامیابی کی دعا کی۔