لندن: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ اشارے ظاہر کر رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اچھے دنوں کی نوید سننے کو ملے گی ۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی اشاریے معیشت کی بحالی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کو معاشی بحران کے دلدل سے نکالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت عوام کے معاشی مسائل کو سمجھتی ہے اور انہیں بجلی کے بلوں اور مہنگائی سے نجات فراہم کرے گی ۔ دورہ امریکا کے دوران نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور رہنماؤں سے ملاقات کی اور امریکی کاروباری برادری سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی اپیل کی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لاننز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن ڈیفالٹ کے قریب ہے۔ ہم نے پی آئی اے کے بارے میں جو کہا، اس پر عملی اقدامات کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اچھا کام کر رہی ہیں ۔ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اپنے والد اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کو خرید کر اس کا نام ‘ایئر پنجاب’ رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔
نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نے مجھ سے مشورہ لیا اور کہا کہ کیا ہمیں پی آئی اے کو خرید کر ایک نیا برانڈ ایئرلائن بنانا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے بتایا کہ مریم نے پاکستان کو ایک ‘نئی ایئرلائن’ دینے کی تجویز دی جس کا نام ‘ایئر پنجاب’ ہونا تھا ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے پنجاب کی وزیر اعلیٰ سے کہا کہ اس تجویز پر دیگر لوگوں سے بھی بات کریں ۔ یہ نیا برانڈ ایئرلائن کراچی، لاہور، پشاور، اور کوئٹہ جیسے بڑے شہروں کو نیویارک، لندن، ٹوکیو، اور ہانگ کانگ سے براہ راست جوڑ سکتا ہے۔