واشنگٹن: ناسا نے نصف صدی بعد اپنے پہلے انسان بردار مشن کے لیے چاند کی سطح پر ممکنہ لینڈنگ مقامات کی فہرست جاری کر دی ہے۔ آرٹیمس III مشن کے تحت خلا باز چاند کے جنوبی قطب کے قریب ان نو مقامات میں سے کسی ایک پر اتر سکتے ہیں۔
یہ مقام مزید سائنسی اور انجینئرنگ تجزیے سے گزریں گے تاکہ وہاں اترنے کے امکانات اور سائنسی دریافتوں کے مواقع کا بھرپور جائزہ لیا جا سکے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ آرٹیمس مشن کے ذریعے چاند کے ان غیر دریافت شدہ علاقوں میں اتر کر نئے سائنسی انکشافات کیے جائیں گے اور انسانوں کو چاند کی سطح پر بقا کے طریقے سکھائے جائیں گے۔
چاند پر آرٹیمس III مشن کے لینڈنگ علاقوں کی ترجیحات کے بغیر فہرست درج ذیل ہے:
- کیبیوس بی کے قریب چوٹی
- ہاورث
- مالاپرٹ مسیف
- مون مونٹون پلیٹو
- مون مونٹون
- نوبیل رم 1
- نوبیل رم 2
- ڈی گرلاش رم 2
- سلیٹر پلین
ناسا کی ٹیم نے چاند کے قدیم ترین علاقوں، مستقل سایہ دار خطوں اور پانی جیسے وسائل تک رسائی کو مد نظر رکھتے ہوئے ان مقامات کو منتخب کیا ہے۔ ناسا کے چیف ایکسپلوریشن سائنٹسٹ جیکب بلیچر کا کہنا ہے کہ جنوبی قطب پر یہ پہلی انسان بردار لینڈنگ ہوگی جس میں آرٹیمس کا نیا لینڈر استعمال کیا جائے گا۔
ناسا کے مطابق، ان مقامات پر چٹانی سیاروں اور شمسی نظام کی تاریخ کو سمجھنے کے نئے مواقع موجود ہیں۔ ناسا کی ٹیم اس اہم لینڈنگ کے لیے زمین سے رابطہ، محفوظ لینڈنگ اور مناسب روشنی جیسے عوامل کو بھی مدنظر رکھ رہی ہے۔
ناسا کا یہ تاریخی مشن چاند پر پہلی خاتون، پہلے رنگدار شخص اور ایک بین الاقوامی خلا باز کو اتارنے کے منصوبے کا حصہ ہے جس کے ذریعے مریخ کے مستقبل کے مشن کے لیے راہیں ہموار ہوں گی۔