منگ کاک: سری لنکا نے ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کا ٹائٹل دوسری بار اپنے نام کر لیا، جہاں انہوں نے منگ کاک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ۔
ٹاس جیت کر سری لنکا نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور جلد ہی برتری حاصل کر لی جب انہوں نے پاکستان کے ٹاپ آرڈر کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی اور دو کھلاڑی ابتدائی اوور میں ہی پویلین لوٹ گئے۔ بیٹر محمد اخلاق نے 48 رنز کے ساتھ اچھی مزاحمت کی، مگر انہیں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے زیادہ مدد نہیں مل سکی۔
فہیم اشرف نے 13 رنز بنائے، جبکہ عامر یامین، آصف علی اور حسین طلعت نے بالترتیب 6، صفر اور ایک رن بنایا۔ پاکستان کی اننگز چھ اوورز میں 72 رنز پر ختم ہوئی ۔
دھننجایا لکشن اور تھرندو رتھنا ایکے نے سری لنکا کے لیے بہترین بولنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے محتاط آغاز کیا۔ ساندن ویراککودی نے 34 رنز بنائے اور کپتان لہرو مادوشنکا نے تیزی سے 19 رنز بنا کر سری لنکا کو ایک اوور باقی رہتے ہوئے 73 رنز کے ہدف تک پہنچایا۔
فہیم اشرف نے پاکستان کے لیے دو وکٹیں حاصل کیں، مگر وہ سری لنکا کی جیت کا سفر روکنے میں ناکام رہے۔
یہ ٹائٹل سری لنکا کا سپر سکسز فارمیٹ میں دوسرا ٹائٹل ہے، جو مختصر فارمیٹ کرکٹ میں ان کی مستقل مزاجی کا مظہر ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم کو ایک شاندار مقابلے کے بعد مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔