بات پہنچی تری جوانی تک، یو پی کے وزیرِاعلیٰ کو بھی قتل کی دھمکی

288

بھارت میں موسم بدل گیا ہے۔ موسمِ سرما کی آمد سے قبل وہاں دھونس دھمکی کا موسم آیا ہوا ہے۔ کبھی پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی جاتی ہے اور کبھی کسی معروف شخصت کو قتل کی دھمکی دے کر فروتی (تاوان) کی رقم وصول کرنے کی بات کی جاتی ہے۔

بالی وڈ کے اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکی کئی بار دی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں اُن کے دوست اور سابق ریاستی وزیر بابا صدیقی کو قتل کردیا گیا اور سلمان خان کو نئے سرے سے قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔ کبھی پانچ کروڑ روپے مانگے گئے اور کبھی دو کروڑ روپے۔

اب حد یہ ہوئی ہے کہ اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔ نامعلوم افراد نے کہا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ مستعفی ہوجائیں۔ اگر وہ مستعفی نہ ہوئے تو اُنہیں بھی بابا صدیقی کی طرح قتل کردیا جائے گا۔

یوگی آدتیہ ناتھ کو دی جانے والی دھمکی پر اتر پردیش کی پولیس کی دوڑیں لگ گئی ہیں۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے خصوصی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ وزیرِاعلیٰ کی سیکیورٹی بڑھائی جائے اور تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ کو دھمکی ممبئی پولیس کے ذریعے دی گئی ہے۔ ممبئی پولیس نے کال اور ای میل کی بنیاد پر دی گئی دھمکی سے اتر پردیش کی حکومت کو آگاہ کیا۔

نامعلوم افراد نے قتل کی دھمکی دیتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ کو دس دن کا الٹی میٹم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو اس حوالے سے فیصلہ کرلینا چاہیے ورنہ پھر ہم فیصلہ کریں گے۔

ممبئی ٹریفک پولیس کو ہفتے کی شام یہ دھمکی موصول ہوئی جس کے بعد فوری طور پر کرائم برانچ کو مطلع کیا گیا۔ یہ دھمکی سلمان خان کو دھمکی دینے والے ممبئی کے اعظم محمد مصطفٰی کی گرفتاری کے تین بعد دی گئی ہے۔ اعظم محمد مصطفٰی نے سلمان خان کو دھمکی دیتے ہوئے دو کروڑ روپے کا بھتہ طلب کیا تھا۔