پیپلز پارٹی کا مستونگ دھماکے کے دہشت گردوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ

142

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی حیدرآباد کے صدر و ڈپٹی میئر حیدرآباد صغیر احمد قریشی، ضلع کے سینئرنائب صدر اظہر علی سیال، پاشا قاضی، عاقل سموں، نصیر سلاوٹ، ایوب راجپوت، عبدالمنان صدیقی، جون عباس، ذاکر پٹھان، لالا عمران پٹھان، عامر قریشی، زکریا سیال، کاشف، گڈو و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گرلز ہائی اسکول کے قریب سول اسپتال چوک پر دہشت گردوں کی جانب سے بم دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے معصوم بچوں سمیت 9 قیمتی جانوں کے ضیاع اور 30 سے زائد زخمی ہونے پر گہرے غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملک و قوم دشمن سفاک دہشت گردوں کی ظالمانہ بزدلانہ حرکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے مرنے والے بچوں و دیگر کے ورثاء سے دلی تعزیت اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا کی۔ انہوں نے حکومت بلوچستان سے اپیل کی کہ دھماکے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کراکر کارروائی میں ملوث دہشت گردوں کی پہچان ہونے پر انہیں ایسی عبرتناک سزا دی جائے کہ باقی پس پردہ ایسا گھنائونا کھیل کھیلنے والے دہشت گرد اس انجام کو دیکھ کر کانپیں اور آئندہ ایسی گھنائونی سازش سے کنارا کرکے توبہ تائب کرنے پر مجبور ہو جائیں۔