علمائے حق کا خون رائیگاں نہیں جانے دینگے ، جے یو آئی (س)

161

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء￿ اسلام (س) ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی نے شہید امیر مولانا سمیع الحق کے یوم شہادت کے موقع پر جامعہ اشرفیہ لیاقت کالونی میں منعقدہ خدمات مولانا سمیع الحق شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہید ناموس رسالتؐ مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، ان کی ملی، سیاسی، دینی، علمی، تصنیفی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مولانا سمیع الحق کے دینی و سیاسی وژن کے مطابق اسلام کی سربلندی، شریعت کے نفاذ، استحکام و دفاع پاکستان دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت اور استحصالی سامراجی قوتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ مولانا عبدالواحد خان نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں اور نظریہ پاکستان کی حفاظت میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ پاکستان کے امن اور سالمیت کی خاطر ہم قربانیاں دے رہے ہیں، ہم علمائے حق کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ اسلام، علماء اور مدارس کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے، اسی وجہ سے سامراجی قوتیں انہیں برداشت نہیں کرسکیں، مولانا سمیع الحق نے اپنا سینہ چھلنی کروا دیا لیکن سامراج کے سامنے نہیں جھکے۔ اس موقع پر حافظ ارمان چوہان نے فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے دردناک مظالم کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُمت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور مدد کے لیے اُٹھ کھڑی ہو۔ تقریب سے قاری سعداللہ حیدری نے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق شہید ساری زندگی مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز اور اتحاد بین المسلمین کے داعی رہے، بڑے بڑے سیاسی اتحادوں کے روح رواں تھے۔ اس موقع پر مولانا اشرف بنوری، صاحبزادہ عتیق الرحمن، محمد علی شیخ، قاری لقمان و دیگر نے تمام مسلم حکمرانوں اور اُمت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حق میں میدان میں نکلیں اور مظلوموں کا ساتھ دیں۔