حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد سے روہڑی جانے والی ٹرین کے مسافروں کو ٹنڈو آدم ریلوے اسٹیشن پر روکنا، مسافروں پر پتھراؤ اور نازیبا الفاظ استعمال کر کے خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا معمول بن گیا ہے، مسافروں کی جانب سے ریلوے انتظامیہ اور ریلوے پولیس کو شکایات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے، جبکہ متاثرہ مسافروں نے ایس ایس پی حیدرآباد کو درخواستیں جمع کراتے ہوئے ایسی کارروائی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے حیدرآباد سے روہڑی ٹرین کے ذریعے جانے والے مسافروں علی محمد شاہ، یاسین علی اور دیگر نے حیدرآباد پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرین ٹنڈو آدم ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد جیسے ہی چلنا شروع کرتی ہے، کچھ دیر کے لیے اوباش قسم کے لوگ اچانک آکر سوئے ہوئے مردوں، خواتین اور معصوم بچوں کو پتھر مارنا شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے روزانہ کئی لوگ زخمی ہو جاتے ہیں جس کی شکایت ریلوے اسٹیشن ٹنڈو آدم پر کی گئی لیکن کوئی تدارک نہیں ہوا جس پر ہم نے ایس ایس پی حیدرآباد کو درخواست دی ہے کہ وہ حیدرآباد ریلوے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کریں تاکہ ٹنڈو آدم میں ہونے والے ایسے واقعات پر قابو پایا جاسکے۔