گوادر (نمائندہ جسارت) سول سوسائٹی کے صدر محمد جان، تحصیل دار گوادر چنگیز بلوچ، حاجی محمد عارف اور پریس کلب کے صدر شریف ابرہیم نے کہا ہے کہ صحافت معاشرے کا چوتھا ستون اور اہم جز ہے، گوادر کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دیا ہے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، آئندہ بھی صحافیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سول سوسائٹی کے زیر اہتمام یوم صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گوادر کے صحافیوں کو ان کی ذمہ دارانہ اور مثبت صحافت میں کردار ادا کرنے پر پریس کلب میں منعقدہ تقریب میں خصوصی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کے موقع پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیغمبرانہ پیشہ ہے جو معاشرے میں آئینے کا کام کرتا ہے، گوادر کے صحافیوں نے علاقے میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دیا ہے جو بلا کسی معاوضے کسی بھی مشکل حالت میں اپنے حصے کا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت جہاد کا نام ہے جس میں مشکلات بھی آتے ہیں لیکن سچے صحافی اپنا کام ہمیشہ لگن اور ایمانداری سے کرتے ہیں، گوادر کے صحافیوں نے ہمیشہ عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے، ان کی معاشرے کے لیے کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی آئندہ بھی صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔