اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ میں ن لیگ کے پارلیمانی رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے عمران خان کے مستقبل کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کی توقعات پر پانی پھر جائے گا اور انہیں قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گزشتہ روز اپنے خصوصی انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے عمران خان کی توقعات بے بنیاد اور جھوٹی امید کے مترادف ہیں کیونکہ حکومتیں عام طور پر افراد کے بجائے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کو ترجیح دیتی ہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا مزید کہا کہ ن لیگ سیاست پر قانون کو ترجیح دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عمران خان کی جیل میں سہولیات کیلیے جائز درخواستوں کو منصفانہ طریقے سے نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے برعکس، مسلم لیگ (ن) کی قیادت لاپروا بیانات نہیں دے رہی بلکہ قانون پر عمل کرنے اور جیل میں منصفانہ اور شفاف طریقے سے بانی پی ٹی آئی کے مطالبات کو پورا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔