لاہور (اے پی پی)سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وفاقی نظر ثانی بورڈ کا اجلاس جسٹس اطہر من اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس ظہیر الدین کاکڑ بھی شریک تھے۔اجلاس میں سخت سیکورٹی کے ساتھ کل25 نظر بند غیر ملکی قیدیوں کو بورڈ کے سامنے پیش کیا گیا۔ وفاقی نظر ثانی بورڈ نے تین بھارتی قیدیوں، آنند، بکاس چاٹری اور رام داس کو قونصلر رسائی دینے کا حکم دیا۔علاوہ ازیں نائیجرین شہری ابوکا سیموئیل اور دو بنگلہ دیشی قیدیوں کو فوری طور پر ڈی پورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ نے بائیس دیگر غیر ملکیوں کی نظر بندی میں توسیع کی بھی منظوری دی۔ نظر ثانی بورڈ نے تمام نظر بند غیر ملکی قیدیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وسیم ممتاز ملک نے بورڈ کی معاونت کی اور فارنر ایکٹ کے سیکشن 8،9 اور10 کے تحت قیدیوں کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کی۔اس موقع پر وفاقی وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل بھی بورڈ کے روبرو پیش ہوئے۔