عمران خان کی ضمانت درخواستوں پر پراسیکیوشن کو دلائل دینے کی آخری مہلت

222

 

لاہور (نمائندہ جسارت) انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گزشتہ سال 9 مئی واقعات میں مختلف الزامات کے تحت درج 4 مقدمات میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر استغاثہ پراسیکیوشن کو دلائل دینے کی آخری بار مہلت دیتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کردی ۔عدالت نے پراسیکیوشن کی طرف سے تحریری مہلت کی استدعا منظور کی جس میں عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ اسپیشل پراسیکیوٹر کی طبیعت ناساز ہے، آئندہ سماعت پراگر وہ پیش نہ ہوئے تو پراسیکیوٹر جنرل پنجاب خود پیش ہو کر ضمانت درخواستوں پر دلائل پیش کریں گے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر سماعت کی۔قبل ازیں ہفتہ کو سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے استغاثہ پراسیکیوشن پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ پراسیکیوشن کو ملزم کی درخواست ضمانت پر دلائل پیش کرنے کے لیے 11 بار موقع دیا ہے، عدالت نے تنبیہ کی کہ سرکاری وکیل آج پیش ہو جائیں اور دلائل دیں ،اگر پراسیکیوشن پیش نہ ہوئی تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کردوں گا۔ بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے آخری بار مہلت دیتے ہوئے سماعت 5نومبر تک ملتوی کردی ۔ عدالت کے روبرو بانی پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کا آفس ، کلمہ چوک پر کنٹینر اور نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کنٹینرز جلانے سمیت4 مقدمات میں ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں ،بانی پی ٹی آئی نے بارہ مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں دائرکر رکھی ہیں جبکہ دیگر 8 مقدمات میں ضمانت درخواستیں ایڈمن کورٹ میں زیر التوا ہیں ۔اسی طرح بانی پی ٹی آئی کی جناح ہائوس اور عسکری ٹاور حملہ سمیت 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں کورٹ نمبر ایک میں زیر سماعت ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے 4 ضمانتوں میں دلائل مکمل کر رکھے جبکہ پراسیکیوشن نے دلائل پیش کرنے ہیں ۔