کراچی کے شہریوں سے کچرا ٹیکس مسترد، مزاحمت کریں گے، سیف الدین ایڈوکیٹ

86

کراچی:اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں سے کچرا ٹیکس کے نام پر مزید کسی رقم کو بٹورنے کی تجویز یکسر مسترد کرتے ہیں اور اس کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر کے دفتر میں شہر کے بلدیاتی امور کی ہفتہ وار جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہاکہ   سندھ حکومت کراچی والوں کا خون نچوڑ رہی ہے،  پہلے ہی شہریوں سے طرح طرح کے ناموں پر ٹیکس لیا جارہا ہے، لیکن شہر روز بروز بدترین حالت کی طرف جارہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کے ایم سی  کاکہنا تھا کہ  سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ناکام ونااہل ڈائریکٹر پرائیویٹ کمپنیوں کو اربوں روپے ادائیگی کے باوجود شہر کی صفائی کے نظام میں مکمل ناکام ثابت ہوئے ہیں ان کو تو برطرف کیا جانا چاہیے، بجائے اپنی بدترین کارکردگی پر شرمندہ ہونے کے وہ شہریوں پر نیا ٹیکس نافذ کرنے کی تجاویز دے رہے ہیں۔

سیف الدین ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ کھربوں کے پروجیکٹس میں وزراء اور سرکاری افسران کی چاندی ہورہی ہے ہر پروجیکٹ میں گاڑیاں، شاندار دفاتر اور دوسرے لوازمات سب سے پہلے  پورے ہوتے ہیں لیکن شہریوں کو کچھ بھی نہیں ملتا۔

انہوں نے اس عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی شہریوں کو پیپلز پارٹی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی سہولتوں کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، کھربوں روپوں کے نام نہاد منصوبوں کے افتتاح اور اعلانات کے باوجود کراچی سڑکوں کے معاملے میں کھنڈر بن چکا ہے۔