پشاور:وزیراعلی خیبر پختونخوا ( کے پی کے) علی امین گنڈاپور کا کہنا ہےکہ جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اپنے قول وفعل میں تضاد پیدا نہ کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اٹک جیل سے رہا ہونے والے سرکاری ملازمین کا استقبال کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین کیلیے ون اسٹیپ پروموشن اور سرکاری ملازمین کو ایک ہفتے کی چھٹی کی ساتھ 10 ہزار روپے اسٹائپنڈ بھی دیا جائے گا۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہاکہ حکومت جعلی پرچے کر کے لوگوں کو تنگ کر رہی ہے اس حرکت سے اس نے خود کو ہی ایکسپوز کر دیا، اس بار ہم جائیں گے تو پھر حکومت کا تختہ الٹ کر ہی واپس آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت نے پر امن احتجاج کے لیے جانے والے ہمارے بہت سے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ہمارے 90 فیصد سرکاری لوگ عدالتوں کے ذریعے رہا ہوچکے ہیں، کچھ لوگ باقی رہ گئے ہیں وہ بھی جلد رہا ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے دھرنے کے موقع پر وفاقی حکومت کی پولیس نے کے پی کے سرکاری ملازمین کو گاڑیوں سمیت حراست میں لیا تھا، عدالت کی جانب سےضمانت ملنے کے بعد آج رہاکردیا گیا ۔