فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے سوئی گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھربھاری اضافہ کرنے کی خبروں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گیس اورا یل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کی خبروں نے عوام کے ہوش اڑادیئے ہیں۔ مسلسل مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لانگ مارچ کرنے والے موجودہ حکمران حکومت میں آکر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانے کے لیے بھی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں ۔ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ عوام ٹینشن اور ڈپریشن کا شکار ہیں، اس وقت پاکستان کی نصف سے زائد آبادی بیروزگار ہو چکی ہے قیمتیں بڑھانے سے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، اگر حکومت نے ماضی کی پالیسیوں کو جاری رکھتے ہوئے پٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کیا تو عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی دوتہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہے۔ 25 ہزار اوسطاً تنخواہ لینے والے شخص کا گھر کا بنیادی خرچہ 75 ہزاروپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ ایل پی جی،بجلی، گیس کی قیمتوںمیں اضافہ فوری طورپر واپس لیا جائے۔