جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں بجلی کی بلاجواز لوڈشیڈنگ ٹرپنگ اور ایکسیئن سیپکو کی زیادتیوں کے خلاف پیپلزپارٹی شہید بھٹو کا احتجاجی جلوس شہر کے راستوں پر مارچ ،وفاقی وزیر کا پتلا نذر آتش ،ایکسیئن کے خلاف نعرے بازی ،ڈی سی چوک پر دھرنا روڈ بلاک۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی جانب سے جیکب آباد میں بجلی کی بلاجواز غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ،بدترین ٹرپنگ ، سیپکو کی زیادتیوں اور ایکسیئن کے خلاف ضلعی آفس سے تعلقہ صدر شہزاد سومر وکی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں مرکزی رہنما ندیم قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر نور محمد منجھو ،عبدالسمیع سومر و،ظفرجکھرانی ،عبدالمالک ،نذیر لاشاری ،عمران ابڑو،حیدری کیہر اور دیھر کارکنان نے بڑی تعداد میں بینر اور پلے کارڈاٹھا کر شہر کے راستوں پر مارچ کیا۔ مظاہرین نے ایکسیئن سیپکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ڈی سی چوک پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہو گیا اور چاروں اطراف سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین نے وفاقی وزیر اویس لغاری کا پتلا نذر آتش کیا۔اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد شہر میں بجلی کی طویل بندش اور بلاجواز غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار تباہ ہو گیا ہے سارا دن 10سے 12گھنٹے بلاجواز بجلی بند کی جاتی ہے رات کو دو گھنٹے ٹرپنگ کی جاتی ہے یونٹ بچانے کے لئے سیپکو کا کرپٹ عملہ اپنی چوریاں چھپا رہے ہیںجس کی وجہ سے شہری دہرے عذاب میں مبتلا ہیں،سردی کے موسم میں بجلی کی طلب کم ہونے کے باوجود لوٖڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بلاجواز لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے گھریلوں پریشانیوں نے آگھیرا ہے طویل لوڈشیڈنگ نے لوگ ذہنی مریض بنادیا ہے کوئی پوچھنے والا نہیںہے۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ کرپٹ ایکسیئن سیپکو کو ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری لاواث نہیںہیںجو افسران اپنی من مانی کریں ایکسیئن مختار انصاری کے اثاثوں کی تحقیقات کرائی جائے۔