کوئٹہ(این این آئی) چیف ایگزیکٹو ہیلتھ کارڈ بلوچستان ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑنے کہا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کے پینل پرموجود اسپتالوں میںغریب عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،بلوچستان ہیلتھ کارڈ سے ایک سال کے دوران 1لاکھ10ہزار سے زائد غریب اور مستحق افراد استفادہ کرچکے ہیں ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی ،صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی ہدایت فاطمہ جناح اسپتال میں مریضوں کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولیات کی فراہمی کو تیز کرنے کے حوالے سے اسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ چیف ایگزیکٹو ہیلتھ کارڈ بلوچستان ڈاکٹرسمیع اللہ کاکڑ اور انکی ٹیم کو پروفیسر ڈاکٹر شرین خان نے اسپتال میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مریضوںکو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی طور پرآگاہ کیا۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ فاطمہ جناح اسپتال میں ہیلتھ سروسز کا معیار بہت بہتر پایا گیا پروفیسر ڈاکٹر شیرین خان کی نگرانی میں کنسلٹنٹس مؤثر طریقے سے اپنی بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں ہر مریض کے لئے ادویات دستیاب تھیں اور کسی مریض کو باہر سے خریداری کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح اسپتال میں کچھ تکنیکی مسائل کی نشاندہی کی گئی جنہیں موقع پر ہی حل کردیا گیا ہے ۔انہوں نے اسٹیٹ لائف کی ٹیم کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اندراسپتال میں ایک مکمل سہولیات سے لیس استقبالیہ ڈیسک قائم کریں اور آگاہی پوسٹرز کواسپتال کے نمایاں مقامات اور داخلی راستے پر آویزاں کیا جائے۔ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے پینل پر موجود بلوچستان سمیت ملک بھر کے 1200 اسپتالوں میں 1سال کے دوران 1 لاکھ 10 ہزار 572مریضوں کو مفت اور بہتر علاج معالجے کی سہولیات اورادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہرشہری کا قومی شناختی کارڈ ہی اسکا ہیلتھ کارڈ ہے ہیلتھ کارڈ سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں مریض یا اسکا تیمار دار ہیلپ پر انکی شکایت کا اندراج کرسکتا ہے جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔