خیرپور (جسارت نیوز) وطن عزیز نے ہمیشہ ہندو، عیسائی برادری کے تہواروں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا ہے، ہندو برادری کے رنگوں کے تہوار دیوالی کی تقریبات پورے پاکستان میں شروع ہو چکی ہیں، جن کی خوشیوں میں پاکستان کا ہر بچہ خوش دکھائی دیتا ہے۔ خیرپور میں بھی تقریبات کے آغاز سے ہر سو رنگوں کی بہار دکھائی دیتی ہے، مندروں، بازاروں میں بچے، بڑے سب ہی دیوالی کے رنگ میں رنگے نظر آ رہے ہیں، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی سندھ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ ماس ٹرانزٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نار کوٹکس کنٹرول حکومت سندھ ڈاکٹر شام سندر کے آڈوانی اور پیپلز پارٹی کے رہنما و چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی نصیر ڈیتھو نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر شام سندر کے آڈوانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان سمیت پوری دنیا میں رہنے والی ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارک باد پیش کرتی ہے، ہماری جماعت نے ہمیشہ پارلیمان سمیت ہر فورم پر اقلیتوں کے حقوق کے لیے جنگ لڑی ہے جو پاکستان کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ ہندو برادری کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا جاتا، وہ سراسر جھوٹ پر مبنی باتیں ہیں، میرے جیسے ادنی سے کارکن کو اسمبلی میں بٹھایا گیا ہے، اس سے بڑی کیا بات ہو سکتی ہے؟