سکھر (نمائندہ جسارت) بلڈ بینک اور ڈرگس ڈونیٹنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام سکھر اسپتال میں تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کو خون کے عطیات دینے کے لیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ، شبیر میمن، عذرا جمال سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب میں ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے تھیلیسیمیا کے زیر علاج بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ تقریب کے دوران انہو ں نے کہا کہ تھیلیسیمیا سینٹر میں بیمار بچوں سے ملاقات کا مقصد انہیں یہ احساس دلانا ہے کہ وہ تنہا نہیں بلکہ معاشرے کا ہر باشعور فرد ان کے ساتھ ہے، تھیلیسیمیا سینٹر میں علاج کے لیے آنے والے بچے اپنے بچوں کی طرح عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب پولیس ہیڈ کوارٹر میں خون عطیہ کرنے کے لیے کیمپ لگایا جائے گا جہاں مجھ سمیت سیکڑوں پولیس اہلکار خون کا عطیہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی دیکھ بھال معاشرے کے ہر باشعور اور مخیر فرد کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر سکھر بلڈ بینک اینڈ ڈرگس ڈونیٹنگ سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری عبدالجبار نے کہا سکھر بلڈ اینڈ ڈرگز ڈونیٹنگ آرگنائزیشن سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن سمیت تھیلیسیمیا میں مبتلا ایک ہزار بچوں کو روزانہ 40 بوتل خون عطیہ کرتی ہے۔