قومی اداروں کو سستے داموں بیچنے کی عوام دشمن پالیسی قبول نہیں،کاشف شیخ

59
دادو: امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو سستے داموں بیچنے اور لاکھوں ملازمین کو بیروزگار کرنے کی حکومتی عوام دشمن پالیسی ناقابل قبول ہے، اسٹیل ملز کو بند کرکے پہلے ہی ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کیا گیا اب پاکستان پوسٹ میں 3500 ملازمین کو نوکری سے نکالاگیاہے ،وزیراعظم شہباز شریف کپڑے بیچ کر مہنگائی ختم کرنے کا دعویٰ کررہے تھے لیکن اب پورے ملک کو بیچا جارہا ہے ، جماعت اسلامی ممبر شپ مہم کے ذریعے لاکھولوگوں کو اپنے ساتھ جوڑ کر عوامی طاقت بنے گی اور حافظ نعیم الرحمن کی حق دوعوام کو مہم کے ذریعے حکمرانوں سے عوامی حقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، سندھ حکومت نے کروڑوں کے اشتہارات جاری کردیے مگر ابھی تک سیلاب متاثرین کو گھر نہیں مل سکے ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے الخدمت فائونڈیشن کے ذریعے سندھ میں متاثرین کے لیے بہترین گھر بناکراپنا وعدہ پورا کردیا ہے، جب بھی سندھ کے لوگوں پر کوئی مصیبت یا مشکل آئی ہے جماعت اسلامی نے ان کی بھرپور مدد کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دادو میں جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر عبدالرحمن منگریو کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا واحد بخش ببر، امتیاز چانڈیو سمیت دیگرمقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ نجکاری کے منفی اثرات ملکی معیشت، عوامی فلاح اور ملازمین پر پڑتے ہیں، نجکاری کے عمل سے لاکھوں ملازمین کا روزگار ختم ہورہا ہے کیوں کہ خانگی شعبے کا بنیادی مقصد کم افرادی قوت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے مہنگی بجلی کے ذریعے عوام کی جیبوں پر کھربوں روپے کا ڈاکا ڈالنے کے باوجود آج بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے اور صارفین کو بدترین سروس فراہم کی جارہی ہے۔حکومت کو عوام دشمن پالیسیوں کو ختم کرکے عوامی مفاد کو ترجیح دینا چاہیے تاکہ ملک اقتصادی طور پر مستحکم اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جاسکے۔کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی (حق دو عوام کو تحریک) کے ذریعے کراچی تا کشمور عوام کو ڈاکو راج،اسٹریٹ کرائم اور وڈیروں کے مظالم سے بچانے کے لیے جدوجہد کررہی ہے اس سلسلے میں مسلسل احتجاجی مظاہرے اور مختلف اضلاع میں ہمارے دیگر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر دھرنے جاری ہیں۔دادو سمیت سندھ بھر کے عوام ہر مرتبہ شہیدوں کے نام پر پی پی پی کو ووٹ اور سپورٹ کرتے ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پی پی عوام کو بھول جاتی ہے،تیل،گیس اور کوئلے کی دولت سے مالا مال سندھ کے عوام جدید دور میں بھی بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم اور بھوک بدحالی کا شکار ہیں جبکہ وزیروں اور مشیروں کی دولت میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے۔ اب ظلم اور زیادتیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے سندھ کے عوام وڈیرہ شاہی نظام اور کرپٹ سیاستدانوں کے بجائے جماعت اسلامی کی صالح اور دیانتدار قیادت پر بھروسہ کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ان کے مسائل حل اور مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔