اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 4 ماہ(جولائی تا اکتوبر) اور گزشتہ ماہ(اکتوبر 2024)کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو گزشتہ ماہ (اکتوبر) میں 111 ارب روپے جبکہ رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 4 ماہ کے دوران 191 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے۔ جبکہ اس سے قبل پہلی سہ ماہی میں بھی ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل نہیں کر سکا تھا، 4 ماہ میں شارٹ فال بڑھ کر
191ارب روپے ہوگیا ہے۔ شارٹ فال کے باعث آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط کے مطابق آنے والے مہینوں میں اضافی ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے منی بجٹ کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جس سے عوام کی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گزشتہ ماہ(اکتوبر ر2024) میں مجموعی طور پر 879ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں کی ہیں جو کہ اکتوبر 2024 کے لیے مقرر کردہ 990 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں 111ارب روپے کم ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر)نے رواں مالی سال 2024-25کے پہلے 4 ماہ(جولائی تا اکتوبر) میں مجموعی طور پر 3441ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔ جو کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے لیے مقررکردہ3632ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں191ارب روپے کم ہیں۔