نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک ریاست نے خاتون کی موت کے بعد مایونیز پر پابندی عاید کردی ہے۔ بھارتی ریاست تلنگانہ میں مقامی حکام نے مایونیز کھانے سے خاتون کی موت ہوجانے کے بعد کچے انڈوں سے بنی مایونیز پر پابندی عاید کر دی ہے۔ یہ پابندی ہلاک شدہ خاتون، ان کی2 بیٹیاں اور15 دیگر افراد کے حیدرآباد شہر میں سڑک کے کنارے اسٹالز سے مایونیز کھانے کے بعد عاید کی گئی، جس میں تمام لوگ شدید بیمار ہوئے اور1خاتون ہلاک ہوئیں۔ مقامی فوڈ سیفٹی حکام کے مطابق مایونیز کے استعمال پر پابندی کا اقدام فوڈ سیفٹی کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ مایونیز پر1 سال کے لیے پابندی عاید کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں کو معیاری کھانے کی ترغیب دینے کے لیے مایونیز کی متبادل غذا کھانے کی تجویز دی گئی ہے۔