بچوں سے بدفعلی کی وڈیوز بنانے والے ملزم کوجیل بھیجنے کا حکم

21

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی مقامی عدالت نے بچوں سے بدفعلی کرکے ان کی وڈیوز بنانے والے ملزم ارسلان کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم کو اس کیس میں بدنیتی کے ساتھ پھنسایا گیا ہے، بچوں کے بیانات میں تضاد واضح ہے، مقدمہ میں کہا گیا کہ ملزم ارسلان 2 بچوں کو کیماڑی میں واقع اپنے آفس لے گیا، ملزم نے گن پوائنٹ پر بچوں کو برہنہ کرکے انہیں آپس میں بدفعلی کرنے پر مجبور کیا، ملزم نے بچوں کی وڈیو بنائی اور پھر خود بھی ان سے بدفعلی کا مرتکب ہوا، بچوں نے بعد میں مزاحمت کی اور ملزم کا موبائل فون لیکر وہاں سے بھاگ گئے۔ عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے تفتیشی افسر نے ملزم کے موبائل فون کو کھولا، موبائل فون میں بچوں کی برہنہ وڈیو برآمد ہوئی، ملزم کا جرم نہایت سنگین نوعیت کا ہے، یہ 2 بچوں کا معاملہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کا ہے جہاں جنسی رجحان بڑھ گیا ہے، اس مرحلے پر ملزم بالکل ضمانت کا حقدار نہیں ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ جیکسن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔