قومی فٹبال ہیڈ کوچ ا سٹیفن کونسٹنٹائن کے معاہدے کی مدت مکمل

161

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)قومی مینز ٹیم ہیڈ کوچ اسٹیفن کونسٹنٹائن کے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ معاہدے کی مدت مکمل ہوگئی، ہارون ملک کی سربراہی میں کام کرنے والی پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی نے ستمبر 2023 میں ان کا تقرر کیا تھا۔ کونسٹنٹائن کی کوچنگ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔ پیغام میں کونسٹنٹائن نے کہا کہ پاکستان کی قومی ٹیم کی کوچنگ کا شاندار موقع فراہم کرنے پر پی ایف ایف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، اس دوران تاریخی لمحات دیکھنے کو ملے، 17 اکتوبر 2023 کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کمبوڈیا کے خلاف فتح کے موقع پر مناظر زندگی بھر نہیں بھلا سکتا، پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر میں سٹاف کا تعاون مثالی رہا، مشکل سفر میں ہر قدم پر ساتھ دینے اور قابل قدر خدمات سر انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال سے بے پناہ لگائو رکھنے والے شائقین نے قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جس کی وجہ سے شاہینز تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ قوم ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان فٹ بال کیلئے کونسٹنٹائن کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔