لاہور (کامرس ڈیسک ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایوان صنعت و تجارت لاہور کا دورہ کیا۔ صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات کی،صدر ایوان صنعت وتجارت لاہور ابوذر شاد نے انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ داروغہ والا،شاہدرہ،فیروزپوراورملتان روڈز پر واقع انڈسٹری کو ریگولرائز کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مختلف فورمز پر صنعتکاروں اور تاجروں کو بھرپور نمائندگی دی جائے۔صوبائی وزیر صنعت نے صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا نمائندہ ہوں اور صنعتکاروں کے مسائل سے آگاہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں سے انڈسٹری مشکلات کا شکار ہے اس صورتحال سے نکلنے کیلئے انڈسٹری کو سولر انرجی پر شفٹ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بجلی بنائے بغیر آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز کی ادائیگی نہیں ہونی چاہئے اور مہنگی بجلی بنانے والے آئی پی پیز بند ہونے چاہئیں،صوبائی وزیر نے بتایا کہ صنعتکاروں کو کم قیمت پر سولر پینلز کی فراہمی کیلئے پنجاب بنک سے بات چیت جاری ہے اور چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کیلئے آسٹریا کی حکومت سے بات ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سولر پینلز کی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے کے لئے چین کی کمپنی آئکو سے معاہدہ ہوچکا ہے،صنعتکاروں کی درخواست پر انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کے لئے ایک سال کی مہلت دی جارہی ہے لیکن انڈسٹریل اسٹیٹس میں رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کسی قیمت پر ہونے نہیں دیں گے۔