کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈی آئی جی ٹریفک کراچی احمد نواز نے گارڈن ہیڈ کوارٹر اپنے دفتر میں اہم اجلاس منعقد کیا ۔ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق اجلاس میں ٹریفک کے تمام ایس اوحضرات نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میںنومبر سے شروع ہونے والی مہم میں فینسی اور جعلی نمبر پلیٹس، پولیس فلیش لائٹس اور کالے شیشے والی گاڑیوں کو حسب قانون ضبط کیا جائے اور ڈرائیور کے خلاف حسب قانون مقدمہ درج کیا جائے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ صبح 06 بجے سے رات 11 بجے تک شہر میں ہیوی ٹریفک کے چلنے پر پابندی ہے ان اوقات کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہیوی ٹریفک سڑکوں پر نظر آئے ان کے خلاف کارروائی کریں۔مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پر پیٹرولنگ افسران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھیں اور پارکنگ کو سنگل لائن میں کروائیں اور غیر قانونی پارکنگ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے ایکسٹرا سیٹر رکشوں کو چالان دے کر امپونڈیارڈ میں بند کر دیا جائے۔خراب کنڈیشن ڈھانچے والی گاڑیاں مین روڈ پر چل رہی ہیں ان کو چالان کیا جائے اور جب تک درست حالت میں نہیں آئیں انہیں روڈ پر دوبارہ آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ٹریفک کو بذریعہ کانسٹیبلان ہیڈ کانسٹیبلان ریگولیٹ کروایا جائے اور ٹکٹنگ افسران کے ذریعے خلاف ورزیوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ کارروائی کروائی جائے۔