(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں جمعہ کو ایوان کی کارروائی کے دوران ہندو برادری کو اس کے مذہبی تہوار دیوالی کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی گئی ۔جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر محمد فاروق فرحان نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کی جانب سے پوری ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں- ایم کیو ایم کے صابر قائم خانی نے کہا کہ میں بھی میں تمام ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ پی ٹی آئی کے شبیر قریشی نے کہا کہ میں بھی تحریک انصاف کی طرف سے تمام ہندود برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کے رکن نثار احمد کھوڑو نے کہا اس تہوار کے موقع پر بہت سی باتیں یاد آتی ہیں۔ اقلیتی برادری کو اپنے اس تہوار پر بھٹو صاحب کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے اقلیتوں کو ان کے حقوق دلائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے یہ الگ بات ہے کہ مختلف اوقات پر ان پر حملے ہوئے تاہم طویل جدوجہد کے بعد اقلیتوں کے لیے مخلوط انتخاب کا طریقہ بحال ہوا – انہوں نے بتایا کہ اڈیرو لعل میں مسجد اور مندر کے درمیان صرف ایک دیوارحائل ہے۔ ہر انسان کی عزت کرنا ہمارا فرض ہے – انہوں نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر ہم ہندو برادری کی خوشیوں میں ان کے ساتھ ہیں – نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم سندھ والے اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ہمارے ہاں مذہبی رواداری ہے –