قطر 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مند ہو گیا، عطاتارڑ

175

اسلام آباد ( صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومتی کاوشوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے‘ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، سعودی عرب نے سرمایہ کاری کو 2.8 ارب ڈالر تک توسیع دے دی جبکہ سعودی فاسٹ فوڈ چین ’البیک‘ پاکستان آرہی ہے۔ عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور قطر کا تفصیلی احوال بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب میں ملاقاتیں تعمیری اور نتیجہ خیز رہیں، وزیراعظم کے سعودی عرب اور قطر کے دورے اہمیت کے حامل تھے، اللہ کا شکر ہے معیشت بحالی کی پٹڑی پر چڑھ چکی ہے‘ ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار رہا ہے‘مہنگائی 6.9فیصد پر آگئی ‘ترسیلات زرمیں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جلد عوام صوبائی حکومت کا گریبان پکڑیں گے، ماضی میں پی ٹی آئی کی ہی صوبائی حکومت نے طالبان کو واپس بلایا اور اس وقت کے وزیر اعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر ایک بھی اجلاس نہیں کیا اور اب یہ حکومت ملزمان کا استقبال کر رہی ہے، اور انسداد دہشت گردی پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، ایک مذاق سا بن گیا ہے، وفاق نے پہلے بھی تعاون کی پیشکش کی تھی اور اب بھی ساتھ مل کر لڑنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں فوجی اور سویلین دونوں شہید ہو رہے ہیں، لیکن غیر سنجیدہ وزیر اعلیٰ کو کسی چیز کی بالکل پروا نہیں ہے، وہ معاملات چلانے کے اہل ہی نہیں ہیں، اس حوالے سے وفاقی حکومت جو کردار ادا کرسکتی ہے کرے گی‘ صوبے کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جارہا ہے۔