ملکی تاریخ میں پہلی بار پختونخواحکومت کا اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا معاہدہ

97
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختوا علی امین گنڈاپور کی موجودگی میں صوبائی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلیے معاہدے پر ستخط کیے جارہے ہیں

 

پشاور (صباح نیوز) کے پی حکومت نے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لیے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا صوبہ بن جائے گا۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ہائوس پشاور میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی موجودگی میں پیڈو اور نجی کمپنی نیٹراکون کے حکام نے معاہدے پر دستخط کیے۔ پہلے مرحلے میں مٹلتان سے مدین تک40 کلو میٹر طویل132/220کے وی ٹرانسمشن لائن بچھائی جائے گی۔ ٹرانسیمشن لائن کا یہ منصوبہ8 ارب روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ ٹرانسمیشن لائن 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پرجیکٹ اور سوات میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ یا رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو سالانہ7 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔ سوات کوریڈور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے فیز ٹو کے تحت مدین سے چکدرہ تک مزید80 کلومیٹر طویل لائن بچھائی جائے گی۔ سوات میں اس وقت صوبائی حکومت کے تحت سیکڑوں میگاواٹ استعداد کے حامل متعلقہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعت کے شعبوں میں انقلاب آئے گا‘ صوبائی حکومت اپنی بجلی کو سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی، اس اقدام سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کیا جاسکے گا۔