سندھ حکومت کی کرپشن وقابض میئر کی نااہلی نے کراچی کو تباہ کردیا ٗ توفیق الدین

49

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری توفیق الدین صدیقی نے کہاہے کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی میں کرپشن اور قابض میئر کی نااہلی و ناقص کارکردگی نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔پیپلزپارٹی کے ٹاؤن اور یوسیز کو نوازنے کے باوجود صورتحال خراب اور عوام مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں ، اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے والا شہر آج بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،کراچی منی پاکستان ہے اورپورے ملک کی معیشت چلاتا ہے لیکن حال یہ ہے کہ سڑکیں تباہ اور شہریوں کے لیے باعزت ٹرانسپورٹ نہیں ہے ، گزشتہ 12سال میں
4حکومتوں نے کراچی سرکلر ریلوے کاافتتاح کیالیکن یہ بحال نہیں ہوسکی،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کے عوام کو پانی کے K3منصوبے کا تحفہ دیا اور 2005ء میں کے فور منصوبہ پیش کیا ،اس کے لیے بجٹ منظور کرایا، اس منصوبے کو 2012ء میں مکمل ہونا تھا ،آج 2024ء تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا جبکہ11ارب روپے کے فورمنصوبے پر خرچ کردیے گئے ، اب کہتے ہیں کہ 2025ء میں کے فورمنصوبہ مکمل ہوجائے گا لیکن واٹر بورڈ کے حکام کے مطابق اگر کے فور منصوبہ مکمل ہو بھی گیا تو اگلے 3سال تک کراچی کے شہریوں کو پانی نہیں مل سکے گا ۔کراچی کے عوام کو ان کے جائز اور قانونی حقوق ملنے چاہیے ،کراچی آگے بڑھے گا تو ملک ترقی کرے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اللہ والا ٹاؤن کورنگی میں مسجد رحمت کے اطراف میں اپنی مدد آپ کے تحت 22لاکھ روپے کی لاگت سے11ہزار فٹ سید عبد الرحیم مرحوم ماڈل اسٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے تختی کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ،ڈپٹی سیکرٹری ضلع منصور فیروز،یوسی چیئرمین قاری منصور احمد،مسجد رحمت کے خطیب وامام مولانا عبد الواسع،ناظم علاقہ کورنگی غربی زبیر ظفر ودیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ نائب امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عاشق علی خان،سیکرٹری عبدالحفیظ، ڈپٹی سیکرٹریز سید آصف علی،محمد جلال خان،عبدالوحید خان،یوسی چیئرمین اختر حسین قریشی،کورنگی ٹاؤن کے اپوزیشن لیڈر محمد ہارون،جے آئی یوتھ ضلع کورنگی کے صدر ارشد حسین قریشی،وائس چیئرمین ساعد فیروز،جمعیت دہلی سوداگران کے ذمے دار عامر یوسف،یوسی کونسلرز محمد اسلم قریشی،ضحی شمسی ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ مرزا فرحان بیگ نے کہاکہ اسٹریٹ کو سید عبد الرحیم مرحوم سے منسوب کیا گیا ہے ،وہ نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ علاقے میں ایک نامور سماجی شخصیت تھے ،مسجد رحمت سے متصل سڑک کی خرابی کے باعث نمازیوں کا مسجد آنا مشکل ہوتا جارہا تھا اور علاقہ مکینوں کوبھی شدید پریشانی کا سامنا تھا ،جماعت اسلامی کے منتخب یوسی چیئرمین قاری منصور نے اپنے حصے کی شمع جلائی اور سڑک کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے اور اب اسے مکمل کرنے کی ذمے داری حکومت کی ہے اور ہم اسے ہر صورت مکمل کرائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اللہ والا ٹاؤن میں عید گاہ پر قبضہ کیا جارہا ہے اور بتایا جارہا ہے کہ اس پر کالج بنایا جائے گا ،ماضی میں پارکوں پر قبضہ کر کے چائنا کٹنگ کی گئی اور شہر کو تباہ و برباد کردیا گیااور اب ایک بار پھر سے عید گاہ پر قبضہ کیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے قبضہ مافیا کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر کوئی اچھائی اور بھلائی کے لیے کام کرے گا تو ہم اس کا ساتھ دیں گے لیکن قبضہ نہیں کرنے دیں گے ۔پیپلزپارٹی کا ماضی گواہ ہے کہ اس نے لوٹ کھسوٹ کے سوا کچھ نہیں کیا ۔