کے پی کے حکومت نےصوبے میں اپنی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا معاہدہ کرلیا

172
own transmission line in the province

پشاور: کے پی حکومت نے اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کے لیے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا صوبہ بن جائے گا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی موجودگی میں پیڈو اور نجی کمپنی نیٹراکون کے حکام نے معاہدے پر دستخط کیے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن بچھائی جائے گی۔ ٹرانسیمشن لائن کا یہ منصوبہ 8 ارب روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ ٹرانسمشن لائن 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور سوات میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ یا رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو سالانہ 7 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔

سوات کوریڈور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے فیز ٹو کے تحت مدین سے چکدرہ تک مزید 80 کلومیٹر طویل لائن بچھائی جائے گی۔ سوات میں اس وقت صوبائی حکومت کے تحت سیکڑوں میگاواٹ استعداد کے حامل متعلقہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پاور ٹرانسمیشن لائن کا یہ منصوبہ صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے، یہ صوبائی حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں میں سے ایک اور صوبائی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں توانائی اور صنعت کے شعبوں میں انقلاب آئے گا،

ان کا کہنا تھا کہ اس پاور ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے صوبائی حکومت اپنی بجلی کو سستے نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی، اس اقدام سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کیا جاسکے گا۔