شوہر کی دوسری شادی پرپہلی بیوی کونکاح ختم کرنے کا حق دینے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر شرعی قرار

126
terminate marriage to the first wife

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے سپریم کورٹ کے بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو نکاح ختم کرنےکا حق دینے کے فیصلے کو شریعت کے برعکس قرار دے دیا۔

گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بغیراجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو نکاح ختم کرنے کا حق دینے کا فیصلہ کیا تھا اور حکم میں کہا تھاکہ اجازت کے بنا خاوند کی دوسری شادی پر پہلی بیوی نکاح کا معاہدہ ختم کرسکتی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے عدالت عظمٰی کے فیصلے کو شریعت کے برعکس قرار دے دیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین راغب نعیمی کے مطابق مرد کے دوسرے، تیسرے یا چوتھے نکاح پر شریعت میں کوئی قدغن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شوہرکے بغیر اجازت دوسری شادی کرنے پرپہلی بیوی کو نکاح ختم کرنے کا حق دینے کا فیصلہ غیرشرعی ہے اور آئین کے مطابق کوئی بھی قانون قرآن وسنت سے متصادم نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام ہے لیکن اس پرشرعی رائے رکھنے کا ہمیں حق حاصل ہے، سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ لینڈ آف لاء کے مطابق جبکہ شریعت کے منافی ہے۔

راغب نعیمی کا کہنا تھاکہ اسلامی نظریاتی کونسل اگلے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کواپنے ایجنڈے پر لائے گی۔

یاد رہے کہ جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے 18 صفحات پرمشتمل فیصلہ 23 اکتوبرکو جاری کیا تھا۔