طلبہ یونین کی بحالی کااعلان خوش آئند ہے ،وسیم حیدر

47

پشاور(وقائع نگارخصوصی) ناظم اسلامی جمعیت طلہ صوبہ خیبرپختونخوا وسیم حیدر نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے طلبہ یونین کی بحالی کا اعلان خوش آئند ہے،اسلامی جمعیت طلبہ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے،حکومت فوری طور پر طلبہ یونین انتخابات کے انعقاد کا شیڈول بھی جاری کرے،طلبہ یونین کی بحالی اسلامی جمعیت طلبہ کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ یونین کی بحالی نہ صرف تعلیمی مسائل کے حل میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی، بلکہ اس سے جامعات اور کالجز میں پڑھنے والے طلبہ و طالبات کی سیاسی تربیت اور پختگی میں بھی اضافہ ہوگا۔ طلبہ و طالبات جو کہ تعلیمی اداروں کے سب سے اہم اسٹک ہولڈرز ہیں،کو آج سے تقریباً 40 سال پہلے جنرل ضیا الحق نے طلبہ یونین پر پابندی لگا کر آزادی اظہارِ رائے، سیاسی تربیت اور مسائل کے حل کے پلیٹ فارم سے محروم کر دیا تھا تاکہ اپنے اقتدار کو تحفظ دے سکیں۔طلبہ یونین کی بحالی پر تمام طلبہ و طالبات کو مبارکبادپیش کرتے ہیںاورصوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر طلبہ یونین کے اصول و ضوابط جاری کیے جائیں اور یونین کے انتخاب کے مرحلے کو جلدازجلد ممکن بنایا جائے،ہم طلبہ یونین کے انتخابات کے انعقاد اور اس فورم کی مکمل بحالی تک طلبہ و طالبات کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔