حکومتوں کی کارکردگی محض اخباری تشہر تک محدود ہے ، جاوید قصوری

73
فیصل آباد ،امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری ودیگر تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کارکردگی محض اخباری تشہیر تک محدود، عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ عوام کو جھوٹے، کھوکھلے بیانیے دینے اور گمراہ کرنے والے ہی ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کی جڑ ہیں۔ ملک و قوم کو محب وطن قیادت کی ضرورت ہے جو عالی شان محلات میں رہنے اور پروٹوکول کے بغیر ایک عام انسان کی طرح زندگی گزار تی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے دو سال کے دوران ڈیڑھ ارب یونٹس سے زائد کی اوور بلنگ کی گئی جس کی مالیت 46ارب روپے بنتی ہے۔عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ اس اسیکنڈل کے فوری غیر جانبدارنہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہئے۔عوام کو آئندہ بلوں میں ریلیف دیا جائے۔ آئی پی پیز کی لوٹ مار نے عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہر جگہ عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ حکمران ہر محاذ پر ناکام دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کا اعتماد عملاً ختم ہو چکا ہے۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت کے پاس کسی قسم کا کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں جس سے ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج سے زا ئد رقم بھیج کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اوور سیز پاکستانی، ملکی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام پہلے ہی ظالمانہ ٹیکسوں میں جکڑکر رہ گئے ہیں، مزید ٹیکسوں کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے۔ حکومتی معاشی پالیسیوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔موجودہ حکمرانوں نے قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ ملکی قرضے 70ارب سے تجاوز کر چکے ہیں جبکہ ہر پاکستانی 3 لاکھ کا مقروض ہو گیا ہے۔حالات ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو ملک کے اندر عوامی مسائل کی سیاست کر رہی ہے۔ہم ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔