کوئٹہ (آن لائن) ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان محبت لفظوں کی محتاج نہیں ہے، پاکستان اور ترکیہ 2 ملک ضرور ہیں لیکن ایک قوم کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان کی ہر خوشی ہماری خوشی اور ہر غم ہمارا غم ہے اس کا مظاہرہ پوری دنیا نے مختلف مواقع پر دیکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو کا کہنا تھا کہ ترکیہ پاکستان میں تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے، ہم پاکستان میں بچوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہے اور ترک گورنمنٹ پاکستانی طلبہ کو فلی فنڈڈ اسکالر شپ بھی فراہم کررہی ہے۔ پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سیدفیروزعالم شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلیے دوطرفہ تجارت، انفار میشن ٹیکنالوجی اور سیاحت و ثقافت کو فروغ دینے کیلیے مزید اقدامات کریں، ترکیہ سے مستحکم ثقافتی، سیاحتی، سماجی، سیاسی و اقتصادی تعلقات دونوں ممالک کے وسیع تر مفاد میں ہے۔