سلامتی کونسل اسرائیل کیخلاف اسلحے کی پابندی جیسے اقدامات کرے، پاکستان

26

 

نیویارک (آن لائن) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کیلیے فیصلہ کن طریقے سے کام کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اسلحے کی پابندی جیسے تعزیری اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے مشرق وسطی کی صورت حال پر 15 رکنی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے درخواست کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا ہمیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب VII کے تحت غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کو نافذ کرنے کیلیے سیاسی اتفاق رائے کو متحرک کرنا چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت نہ صرف خطے کو عدم استحکام کا شکار کر رہی ہے بلکہ یہ عالمی امن و سلامتی اور عالمی نظام کے لیے ایک منظم خطرہ ہے۔ اسرائیل کے جارحانہ رویے کی کوئی نظیر نہیں ملتی سلامتی کونسل کو اسرائیل پر اس کی جارحیت کی تلافی کی ذمہ داری ڈالنی چاہیے۔