پارٹی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی

46

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیںدی گئی۔اڈیالہ جیل کے باہراپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب خان نے شبلی فراز، اسد قیصر اور زرتاج گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہاہے کہ جیل حکام نے3 گھنٹے انتظارکروایا، جیل حکام انڈرٹیکنگ چاہتے ہیں کہ سیاسی گفتگونہیں کریں گے، ادارے بھی ہمیں لکھ کر دیں کہ وہ سیاسی عمل میں مداخلت نہیں کریں گے، ہم بھی پھر لکھ کردیں گے بانی سے سیاسی گفتگو نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، ہم اپنے سیاسی قیدیوں کوسلیوٹ کرتے ہیں، آج ہماری بڑی اہم میٹنگ ہونا تھی، سب لوگ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔قائد حزب اختلاف سینیٹ شبلی فراز نے کہا کہ ہم دوپہر 2 بجے سے جیل کے باہر بیٹھے ہیں، 6 لوگوں کا ملاقات کے لیے نام دیا تھا، ہمیں کہا گیا کوئی سیاسی گفتگونہیں ہو گی، میں نے کہا بانی سے کوئی موسم کا حال ڈسکس نہیں ہوگا، سیاسی بات ہی کریں گے، حکومت کے ایسے حربوں سے سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔