لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے سکھ یاتریوں کیلیے پاکستان آمد پر کوئی ویزا فیس نہیں، حسن ابدال، ننکانہ صاحب، کرتار پور کے علاوہ بھی کسی جگہ جانا چاہیں تو اوپن کریں گے، کچھ مسئلے اور مسائل ہیں ان کو بھی ختم کریں گے۔ لاہور میں امریکا سے آئے سکھ یاتریوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، یو ایس پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کیلیے پاکستان میں ویزا آن ارائیول کی سہولت موجود ہے، ہم نے کسی کو مسئلہ نہیں ہونے دینا، چاہے سال میں 10 بار آئیں۔ ہم چاہتے ہیں یہاں سال میں ایک لاکھ کے علاوہ 10 لاکھ سکھ یاتری آئیں، ہم نے 124 ممالک کا ویزا فری کردیا ہے، پاسپورٹ ہے آنکھیں بند کریں اور آجائیں۔ ہم سکھ یاتریوں اور بھارت سے آنے والوں کیلیے الگ کوٹہ رکھ رہے ہیں، بھارت سے بھی بہت سارے لوگوں نے آنا ہے۔