ڈھاکا (اسپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی ) نے سابق صدر نظم الحسن سمیت اپنے 11 ڈائریکٹر ز کی رکنیت منسوخ کر دی۔ ڈھاکا ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر صاحبان کی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ میرپور میں شیر بنگلا نیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے متعدد فیصلے کئے گئے۔بی سی بی کی طرف سے جاری بیان میرپور میں ہونے والے بی سی بی کے 15ویں بورڈ اجلاس میں سابق صدر نظم الحسن سمیت 11 بورڈ ڈائریکٹرز کی ڈائریکٹر شپ منسوخ کر دی گئی ۔بورڈ نے ڈائریکٹرز اے ایم نعیم الرحمن دورجوئے، خالد محمود اور محمد عنایت حسین سراج کے استعفے منظور کر لئے۔مزید برآں، بی سی بی کے آئین کے مطابق 3 یا اس سے زیادہ اجلاسوں سے مسلسل غیر حاضری کے8 ڈائریکٹرز کی بورڈ کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ۔ ریجن میں نظم الحسن، منظور قادر، اے جے ایم ناصر الدین، شیخ سہیل، ایڈووکیٹ انوار الاسلام، شفیع عالم چودھری نادیل، محمد اسماعیل حیدر ملک، تنویر احمد ٹیٹو، عبید راشد نظام، غازی غلام مرتضی اور نجیب احمد شامل ہیں۔ بورڈ نے آئینی ترمیمی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس کمیٹی کی سربراہی بی سی بی کے ڈائریکٹر نظم العبیدین فہیم کنوینر کے طور پر کریں گے۔یہ کمیٹی بی سی بی کے موجودہ آئین کا جائزہ لینے، بہتری کے شعبوں کی نشاندہی کرنے اور ایسی ترامیم تجویز کرنے کی ذمہ دار ہو گی جو بی سی بی کے ا سٹریٹجک اہداف اور ابھرتی ہوئی ضروریات کے مطابق ہوں گے ۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ حکومت کے تعاون سے بنگلادیش پریمیئر لیگ کے 11 ویں ایڈیشن کو انتہائی عمدگی سے انعقاد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔بی پی ایل کا آغاز 30 دسمبر 2024 کو ہونا ہے جس کا فائنل 7 فروری 2025 کو ہوگا۔بورڈ نے بی پی ایل کے 11ویں ایڈیشن کے لیے ایک مکمل ای ٹکٹ سسٹم متعارف کرانے پر بھی اصولی طور پر اتفاق کیا ، جس کا مقصد شائقین کے لیے ٹکٹنگ کے عمل کو ہموار کرنا ہے۔