پاکستان مالدیپ کے کم تجارتی حجم کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور

56

کراچی(کامرس رپورٹر) مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر فیصل رسول لودھی نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم کو مزید بہتر بنانے کے لیے کاروباری مواقع تلاش کرنے اورتعاون بڑھانے کی نئی راہوں کی نشاندہی کرنے کے حوالے سے بھرپور کوششیں کریں گے ۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پراجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ شکن ضرور ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی حجم صرف 8 سے 9 ملین ڈالر کے قریب ہے تاہم بہتری کے اہم امکانات موجود ہیں اور موجودہ ماحول پاکستان کے لیے سازگار ہے کیونکہ مالدیپ کی موجودہ حکومت کافی حد تک پاکستان کی حامی ہے۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ضیاء العارفین، نائب صدر کے سی سی آئی فیصل خلیل احمد، سابق صدور مجید عزیز اور افتخار احمد شیخ کے علاوہ کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔پاکستان کے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کے سی سی آئی کی قابل قدر معلومات کر سراہتے ہوئے کہا کہ میرے لیے کراچی چیمبر کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کام کرنے کی فہرست ہیں جن میں ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔